مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کا بل پاکستان کی تاریخ کا سب خطرناک بل ہے،آئی ایم ایف سن لے کہ یہ بل واپس ہوگا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گزشتہ روزکے بل کے بعد ہم نے اپنی معیشت کی چابی آئی ایم ایف کے حوالے کردی ہے، رات کے 11بجے یہ بل پاس کروایا گیا، اس پر رائے نہیں لی گئی، یہ بل منی بجٹ سے بھی زیادہ خطرناک ہے، اسٹیٹ بینک کا بل پاکستان کے حق میں نہیں ، ہر وزیر یہ کہتا ہے کہ ہم آئی ایم ایف کے ہاتھوں مجبور ہیں، اگرآپ مجبور ہیں تو ہمیں بات تو کرنے دیں، وہاں وہ لوگ بیٹھے ہوں گے جن کا عوام سے کوئی تعلق نہیں،انہیں آئین و قانون کی پروا نہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کل عوام پر700 ارب روپے سالانہ کا بوجھ ڈالا گیا، عوام کے نمائندوں کو اس پر بات کرنے کی بھی اجازت نہ دی گئی،کم ازکم اس بل پر بحث تو ہونی چاہیے تھی، ہم تو بحث کیلیے پوری رات بیٹھنے کو تیار تھے،یہ سب اس وقت ہوا جب ملک کا وزیراعظم ایوان میں بیٹھا ہوا تھا۔