پشاور: حکومت پر تنقید کرنے پر تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے رکن قومی اسمبلی نورعالم خان کو شوکاز جاری کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نورعالم خان کو پی ٹی آئی خیبرپختون کے صدر پرویز خٹک شوکاز جاری کریں گے۔
نورعالم خان نے ایک نجی ٹی وی پروگرام اور اسمبلی فلور پر پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، اس کے علاوہ انہوں نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی حکومتی پالیسیوں پر سخت تنقید کی تھی۔
شوکاز نوٹس جاری ہونے کے معاملے پر نورعالم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویز خٹک مجھے کس حیثیت میں شوکاز جاری کریں گے، پرویز خٹک پارٹی کے چیئرمین نہیں ہیں، میں نے پارٹی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی نہیں کی، بتایا جائے کہ میں نے کہاں پارٹی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔
نورعالم خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بیروزگاری پر بات کرنا اگر کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہے تو میں نے کی ہے اور کرتا رہوں گا، پھر مجھے ایک نہیں سو بار شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں، مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں منتخب نمائندہ ہوں،عوام کے مسائل کو اجاگر کرنا میری ذمہ داری ہے، میں یہ ذمہ داری ادا کرتا رہوں گا۔