حیدرآباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم جمہوری ،قانونی اورآئینی طاقت سے حکومت کو ختم کریں گے۔
حيدرآباد میں پيپلز پارٹی کے ٹریکٹر ٹرالی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ کسان بھوکاسوئےگاتوملک بھوکاسوئےگا، آج یہ حالات ہیں کہ یوریا کھاد کے لیے کسان قطاروں میں کھڑے ہیں، یہ ملک کے کسانوں کے ساتھ کیا کررہے ہیں ؟ نااہل حکومت نے پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے فصلوں کو نقصان پہنچایا اور ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کو گرا دیا، زراعت معیشت کا اہم ذریعہ ہے لیکن اس کو تباہ کردیاگیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کے خلاف 27فروری کو کراچی سے نکلیں گے، ہم جمہوری ،قانونی اورآئینی طاقت سے حکومت کو ختم کریں گے، ہم نے فیصلہ کرلیا، بس اب بہت ہوچکا، اب ایک ہی راستہ اورایک ہی حل ہے، اگر معیشت کو بچانا ہے تو عمران خان کو بھگانا اور نکالنا ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ایک کے بعد ایک بحران پیدا کیا جاتا ہے، نااہل حکومت نے معیشت کو گرا دیا ہے، پاکستان زرعی ملک کی حیثیت سے جانا جاتا تھا، آج پاکستان کا زرعی شعبہ تباہ ہو رہا ہے، سلیکٹڈ حکومت نے معیشت کی ریڑھ کی ہڈی توڑ دی، خان صاحب نے پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کی، کھاد اور یوریا کا بحران پیدا کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ بلدیاتی نظام کو کالا قانون کہا جارہاہے، بلدیاتی قانون کوکالاکہنےوالوں کامنہ کالاہوجائےگا، لسانی تنظیمیں ہمیں آپس میں لڑوار ہے ہیں، ہم اپنے جیالے میئرز لائیں گے ،خود ان کے ساتھ کام کروں گا۔