اسلام آباد:سینیٹ کے اجلاس میں وزارت تجارت حکام کی غیر حاضری پر چیئرمین سینیٹ برہم ہو گئے ، کہا کہ اگر سیکرٹری تجارت نہ آئے تو انہیں نشان عبرت بنا دوں گا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہوا،اجلاس میں وزارت تجارت کے حکام کی عدم حاضری پر چیئرمین سینیٹ برہم ہو گئے اور حکم دیا کہ سیکریٹری تجارت فوری طورپراجلاس میں حاضر ہوں، سیکریٹری تجارت نہ آئے تو انہیں نشان عبرت بنا دوں گا ، وزیر اعظم کو خط لکھوں گا کہ انہیں معطل کیا جائے ۔ وزارت نے یہ بھی گوارا نہیں کیا کہ گریڈ 19 کا ہی کوئی افسر بھیج دیں ، یہ ایوان کے تقدس کا سوال ہے ۔
وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ وزارت کے حکام آتے ہیں لیکن سینیٹ کا عملہ کہتا ہے کورونا کی وجہ سے پابندی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے جواب دیاکہ کوئی پابندی نہیں ،ہم نے سب حکام کو آنے کی اجازت دے رکھی ہے۔