اسلام آباد:وفاقی شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم 23 مارچ کو آکر شوق پورا کرلے، اپوزیشن نے سڑکوں کا انتخاب کیا، مزید ڈیڑھ سال خوار ہوں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ کہا کہ اپوزیشن اسمبلی میں ایک بھی بل یا قرارداد پر حکومت کو ہرا نہیں سکی، اپوزیشن قومی اسمبلی اور سینیٹ میں عمران خان کو شکست نہیں دے سکتی،اپوزیشن استعفوں کی باتیں کرتی تھی، پھرلانگ مارچ کی باتیں کرنے لگی، اپوزیشن لانگ مارچ کرکے عالمی رہنماؤں کو ناراض کرنے جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن اپنی طرف دیکھیں، میڈیا نے انہیں زندہ رکھا ہوا ہے، میڈیا نہ ہو تو فضل الرحمن کی شکل بھی لوگ بھول جائیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اسلام آباد کسی ایجنڈے کےتحت آ رہی ہے، دھمکی نہیں دے رہا لیکن 23 مارچ کا دن بہت حساس ہے، اپوزیشن اب 23 مارچ سے پیچھے نہ ہٹے، 23 مارچ کو آپ کو شکست ہوگی، اسی تاریخ کو آئیں، اپوزیشن سے کہنا چاہتا ہوں آپ سے ہونا کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹریکٹر ٹرالی مارچ میں کتنے لوگ نکلے ؟ قوم آپ کی سوچ سے مکمل واقف ہے، اپوزیشن تحریک عدم اعتماد سے بھی بھاگ گئی، عمران خان کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں نالائق اپوزیشن ملی۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان 3 فروری کو چین جا رہے ہیں، عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ سے بہت اچھے تعلقات ہیں۔