فائل فوٹو
فائل فوٹو

3 ملزمان کو 12 بار سزائے موت، 32 مرتبہ عمر قید

راولپنڈی:عدالت نے جرم ثابت ہونے پر3 ملزمان کو 12 بار سزائے موت 32 مرتبہ عمر قید کی سزائیں سنادیں۔

میڈیا کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 5 مقدمات کے بڑے فیصلے کردیے، جس کے تحت 3 ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر12 بار سزائے موت 32 مرتبہ عمر قید کی سزائیں سنادی گئی، جب کہ دیگر جرائم میں ملزمان کو مجموعی 384 سال قید بھی سنائی گئی۔

عدالت کی جانب سے تمام ملزمان کو مجموعی طور پر3 کروڑ40 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا بھی سنائی گئی، اور1 کروڑ 88 لاکھ روپے معاوضہ مقتولین کے ورثا کو ادا کرنے کا حکم دیا۔

ملزمان اڈیالہ روڈ، چیک پوسٹ دھماکا، پیرودھائی چنگ چی رکشا میں دھماکا، صدر حیدر روڈ اور کباڑی بازار دھماکوں میں ملوث تھے، ملزمان شبیر احمد، بلال احمد اورداؤد کے خلاف یہ مقدمات تھانہ سی ٹی ڈی نے درج کئے تھے، تینون ملزمان کو سزا کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شوکت کمال ڈار نے فیصلے سنائے۔