اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے بلدیاتی الیکشن کے دوران بکا خیل پولنگ اسٹیشن پر حملے سے متعلق کیس میں خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر شاہ محمد خان اور بیٹے کو پانچ سال کیلیے نااہل قرار دیدیا ۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے بنوں کی تحصیل بکا خیل میں بلدیاتی انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشن پر حملے اورامن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا نوٹس لیا تھا اور انتخاب بھی ملتوی کرنا پڑ گیا تھا ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تحقیقات کیلیے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی ۔
الیکشن کمیشن نے بنوں کی تحصیل بکاخیل میں امن و امان سے متعلق کیس کا آج فیصلہ سناتے ہوئے شاہ محمد کو پانچ سال کیلیے نااہل قرار دیدیا ہے جبکہ ان کے بیٹے مامون رشید بھی الیکشن لڑنے کیلیے نااہل ہو گئے ہیں ۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے شاہ محمد خان کو ایم پی اے کی سیٹ سے بھی ڈی نوٹیفائی کر دیا۔صوبائی وزیر شاہ محمد خان پولنگ اسٹیشنوں پر حملے اورالیکشن کے عملے کے اغوا میں ملوث تھے۔
جے یو آئی ف کے رہنما اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اکرم خان درانی نے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی وزیر شاہ محمد خان پر پولنگ اسٹیشنز پر حملہ کرنے اور عملے کو اغوا کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔