اتحادی ہمارے ساتھ ہیں ،اپوزیشن صرف ڈگڈگی بجا رہی ہے ۔ ترجمان پنجاب حکومت
31 مارچ کے بعد پنجاب کے تمام شہری صحت کارڈ کیلیے اہل ہوں گے۔ حسان خاور کی میڈیا سے گفتگو
اپوزیشن کو ملک کی ترقی پسند نہیں آرہی۔فائل فوٹو
لاہور: ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے اپوزیشن رہنماؤں کی حکومتی اتحادیوں سے ملاقاتوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، اپوزیشن صرف ڈگڈگی بجا رہی ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ اپوزیشن کو ملک کی ترقی پسند نہیں آرہی ، ان کے ماتھے پر پسینہ آگیا ہے، ہمارے اتحادی چٹان کی طرح ہمارے ساتھ ہیں ، کابینہ کا حصہ ہیں اور مشاورتی عمل میں پوری طرح شامل ہیں ، ہم سب ریاست کا حصہ ہیں جہاں قانون کے مطابق فیصلے ہو رہے ہیں ۔
فیصل واوڈا کی نا اہلی سے متعلق حسان خاورکا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کے پاس الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا حق ہے ۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ 31 مارچ کے بعد پنجاب کے تمام شہری صحت کارڈ کیلیے اہل ہوں گے ، سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز کھلی رہیں گی اورپہلے کی طرح علاج معالجے کا عمل جاری رہے گا ، سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی ۔