اسلام آباد ہائیکورٹ سے پاکستان تحریک انصاف کے ایک اور رہنما کو ریلیف مل گیا،عدالت نے خیبرپختونخواکے صوبائی وزیر شاہ محمد خان کی نااہلی کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے نا اہل قرار دیے جانے پر خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی اور صوبائی وزیر شاہ محمد خان اوران کے بیٹے مامون رشید نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے ۔ ان دونوں کو الیکشن کمیشن نے یکم فروری کو نااہل کیا تھا۔
شاہ محمد کی جانب سے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن سے نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ حملہ مخالف امیدوار مامور خان وزیر نے شکست دیکھ کر کیا تھا۔
ان کا درخواست کے متن میں مزید کہنا تھا کہ مامور خان وزیر خود حملہ کر کے الیکشن کمیشن میں متاثرہ فریق بن کر آگئے۔عدالت نے فریقین سے11 فروری کو جواب طلب کرلیا۔