اسلام آباد:مریم نواز نے کہا ہے کہ ارکان اسمبلی پہلے ہی عمران خان پر عدم اعتماد کیلیے تیار ہیں، ان کے اقتدار کی کشتی ڈولتی نظر آ رہی ہے۔
مریم نوازنے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کرلیا کہ ان کی جماعت میں ابتدا میں ووٹ کو عزت دو کے طریقہ کارپراختلاف تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف تحریک عدم اعتماد کے خلاف تھے، جماعت کے سینئر رہنماؤں نے فیصلے کا حق میاں صاحب کو سونپ دیا ، میاں صاحب نے جماعت کے کارکنوں اورعوام کے جذبات کو مد نظر رکھتے ہوئے عد تحریک عدم اعتماد کے حق میں فیصلہ کیا ۔
مریم نواز نے کہا کہ چند دنوں کیلیے جھوٹ چل جاتا ہے ہمیشہ نہیں چلتا،عمران خان کی پارٹی آج کے بعد کہیں نظر نہیں آئے گی، یہ جب عوام میں جائیں تو ہیلمٹ لے کر جائیں، عمران خان کے ساتھی اقتدار کے ساتھی ہیں، عوام کے ہاتھ آپ کے گریبان تک پہنچ چکے، اپنی خیر منائیں، عوام کی آواز پر لبیک نہ کہا تو سیاسی جماعتوں پر تنقید ہوگی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تقاریرایک بوکھلائے آدمی کی تقریریں ہیں، عمران خان کی کشتی ابھی ڈولی ہے اوران کے ممبران دیگر جماعتوں سے رابطے میں ہیں، ان کی کشتی میں بیٹھے افراد جمپ کرنے کو تیار ہیں، مسلم لیگ ن آگ کے دریا سے گزرکرآئی اور متحد ہے۔
ایک صحافی نے مریم نواز سے سوال پوچھا کہ کیا سٹیبشلمنٹ سے صلح ہو گئی ہے ، مریم نواز نے جواب دیا کہ حالات اس لیے بدلے ہیں کیوںکہ عمران خان ناکام ہو گئے ہیں،عوام انہیں بد دعائیں دے رہے ہیں ، ملک میں بد امنی ، دہشتگردی پھر سے شروع ہو گئی ہے جبکہ مہنگائی نے عوام سے ان کے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لیا ہے ۔ جن لوگوں کی تنخواہ 15 فیصد بڑھی ہے مجھے ان سے ہمدردی ہے ، کیوں کہ کچھ علاقوں میں تو مہنگائی پانچ ، چھ سو گنا سے بھی زیادہ بڑھ چکی ہے وہ بیچارے 15 فیصد اضافہ لے کر کیا کریں گے ، ادویات کی قیمتیں سینکڑوں گنا بڑھ چکی ہیں ۔
مریم نواز نے کہا کہ میں نے حکومت اوران کے وزراء کو پہلے بھی مشورہ دیا تھا کہ جب بھی عوام میں نکلیں ہیلمنٹ پہن کر نکلیں ،عمران خان کی تقاریر ڈوبتی کشتی کو بچانے کی کوشش ہوتی ہے ،ان کے اتحادی دوسری جماعتوں سے رابطے میں ہے، ان کے اپنے ارکان قومی اسمبلی میں کھڑے ہو کر اور ٹی وی شوز میں بیٹھ کر ان ہی کے خلاف بول رہے ہیں، نیب نیازی گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا ہے ۔
صحافی نے سوال پوچھا کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد وزیر اعظم کون ہو گا ، مریم نواز نے کہا کہ فی الوقت ہمارا فوکس تحریک عدم اعتماد پر ہے، کون سیٹ اپ کو ٹیک اوور کرے گا یا کون وزیر اعظم بنے گا یہ بعد کی بات ہے ۔