اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیاہے کہ پاکستان میں جلد الیکشن ہو سکتے ہیں ، جو لوگ سمجھ رہے ہیں کہ پارٹیاں بدلنے سے عزت ملتی ہے تو نہیں ملتی ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہناتھا کہ اتحادیوں سے پوری امید ہے ، اتحادی ہمیشہ دیر سے فیصلہ کرتے ہیں ، میں پاکستان کے باخبر لوگوں میں سے ایک با خبر آدمی ہوں ، کوئی کہیں نہیں جارہا، کہا جارہاہے کہ عثمان بزدار جارہاہے ، وہ کہیں نہیں جار ہاہے ، وہ بھی چٹان کی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑاہے ۔
وزیر داخلہ کا کہناتھا کہ اگر اپوزیشن کے پاس ہمارے لوگ ہیں تو ہمارے پاس بھی ان کے بندے ہیں جو ووٹ ڈالنے نہیں جائیں گے ، ہمارے پاس جو ان کے لوگ ہوں گے وہ ذمہ داران ہوں گے ، وہ سمجھیں گے کہ اسی میں بہتری ہے کہ عمران خان اپنا وقت پورا کریں گے،اور ممکن ہو تو وقت سے پہلے انتخابات ہو جائیں گے ۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے ساتھ ہے، اب اپوزیشن کو فوج کا خیال آگیا بہت اچھی بات ہے، کوئی شک نہیں پاک فوج عظیم فوج اورعدلیہ دوراندیش ہے، ملک میں عظیم افواج کے خلاف پروپیگنڈا برداشت نہیں کریں گے، جو فوج یاعدلیہ مخالف مہم چلائے گا اسے سختی سے کچل دوں گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان تاریخی جلسہ 27 مارچ کو پریڈ گراؤنڈ میں کریں گے، 27 مارچ کو اسلام آباد میں عوام کا سمندر ہو گا، جے یوآئی کو ان کی ڈیمانڈ کےمطابق جلسے کی اجازت دے دی ہے، تاہم ن لیگ کی ابھی تک جلسے کی کوئی درخواست نہیں آئی ہے، کل کوئی واقعہ ہوا تو وزارت داخلہ ذمے دار نہیں ہوگا۔