اسلام ٓٓباد:سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد معیشت اور روپے کی قدرمیں استحکام آنے لگا ہے ، مسلسل پانچ ہفتوں کے بعد ڈالرکی قیمت میں گراوٹ دیکھنے کو ملی ہے جبکہ اسٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی جاری ہے ۔
سپریم کورٹ کے سپیکر رولنگ از خود نوٹس کیس کے فیصلے کے بعد آج انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبارکے آغاز سے اب تک ڈالر کی قیمت میں 3.48 روپے کمی ہو چکی ہے جس کے بعد ڈالر 184.77 روپے پرٹریڈ کر رہاہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 1.50 روپے کمی ہوئی ہے اورڈالر 189 روپے میں فروخت ہو رہاہے ، ڈالر کی قیمت میں کمی کے باعث پاکستان کے بیرونی قرضوں میں 450 ارب روپے کمی ہوئی ہے ۔
دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ میں بھی بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے ، مارکیٹ میں شیئرز کا لین دین شروع ہوا تو100 انڈیکس 43 ہزار 786 پوائنٹس کی سطح پر تھا جس میں آج بالکل بھی کمی دیکھنے میں نہیں آئی بلکہ صرف چڑھائی ہی ہوئی، مارکیٹ میں اب تک 530 پوائنٹس کا اضافہ ہوچکا ہے جس کے بعد 100 انڈیکس 44 ہزار 317 پوائنٹس پر پہنچ گیاہے ۔