اسلام آباد:تحریک انصاف نے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔
سابق وزیرداخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اعلان کیا کہ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی مستعفی ہونے جارہے ہیں”۔تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کیخلاف اعتراضات قبول نہ ہوئے توکل ہی قومی اسمبلی سے استعفے دیدیں گے۔
پی ٹی آئی رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم چورڈاکوئوں کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے، ہم تمام ارکان اسمبلی استعفے دیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے عمران خان کو تجویز دی ہے کہ اسمبلیوں سے مستعفی ہوجائیں اوراس کیلیے قومی اسمبلی سے آغاز کررہے ہیں۔
ان کا کہناتھاکہ شہبازشریف کے کاغذات نامزدگی پراعتراض اٹھائے ہیں، اگر وہ قبول نہیں ہوتے تو کل ہی اسمبلی سے مستعفی ہوجائیں گے ، بنی گالہ میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج رات طلب کیا ہے، اکثر رہنمائوں کے استعفے پہلے ہی آچکے ہیں اور باقی بھی آج دیکھیں گے ، حکومت کے خلاف اقدامات کے حوالے سے آج رات لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے امید تھی کہ بحران سے نمٹنے کیلئے فیصلہ کیا جائے گا مگر عدالتی فیصلے کے بعد بحران زیادہ پیچیدہ ہوا ، ہمارے ملک کی عدالتیں ویسے ہی 126 ویں نمبر پر ہیں ، رات 12 بجے کھلنے کے بعد اگر وہ آخری نمبر پر بھی چلی جائیں تو حیرت نہیں ۔
فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ روز رجیم چینج آپریشن ہوا ، ہم نے خط اور دستاویزات کل سپیکر ، چیئرمین سینیٹ اور چیف جسٹس کو بھیجی ، کوئی بھی غیرت مند آنسان قبول نہیں کر سکتا کہ اس کے ملک کے فیصلے کسی دوسرے ملک سے کئے جائیں ، کسی ملک کی غلامی کا یہ ثبوت کافی ہوگا کہ اس کے فیصلے دوسرے ملک سے ہوں ۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اگر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر ہمارے اعتراضات قبول نہیں کئے جاتے تو ہم کل قومی اسمبلی سے مستعفی ہو جائیں گے ۔ شہباز شریف پر 16 ارب روپے کی ٹی ٹیز کا کیس ہے ، جس دن اس پر فرد جرم عائد ہونی ہے اس دن وہ وزیر اعظم کا الیکشن لڑے گا اس سے بڑی شرم کی کیا بات ہو ، پاکستان پر امپورٹڈ حکومت مسلط کی جا رہی ہے ۔ہمارے نذدیک یہ عوام پاکستان کے منہ پر طمانچہ ہے ۔