وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے نماز عید گورنر ہاﺅس پشاور میں ادا کی۔فائل فوٹو
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے نماز عید گورنر ہاﺅس پشاور میں ادا کی۔فائل فوٹو

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں عید الفطرمنائی گئی

پشاور:خیبر پختونخوا حکومت، زونل اورمفتی شہاب الدین پوپلزئی کی مقامی رویت ہلال کمیٹیوں کے اعلان کے مطابق پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں عید الفطر منائی گئی۔

پشاور میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع عید گاہ میں منعقد ہوا جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان، صوبائی وزرا اورچیف سیکریٹری نے گورنر ہاﺅس پشاورمیں نمازعید ادا کی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے برعکس خیبرپختونخوا حکومت، زونل اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی مقامی رویت ہلال کمیٹیوں نے پیر 2 مئی کوعیدالفطرمنانے کا اعلان کیا جس کے تحت پشاور سمیت صوبہ کے بیشتر اضلاع کی عید گاہوں، جامع مساجد اور کھلے مقامات پرنمازعید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔

صوبائی دارالحکومت پشاور میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع عید گاہ پشاور میں منعقد ہوا جہاں چیف خطیب خیبرپختونخوا مولانا محمد طیب قریشی نے نمازعید پڑھائی، عید گاہ پشاور میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جن میں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش، اے این پی کے رہنما حاجی غلام احمد بلوراور سینیٹر ہدایت اللہ بھی شامل تھے، نماز عید کے بعد ملک وقوم کی سلامتی قیام امن اور امت مسلمہ کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے نماز عید گورنر ہاﺅس پشاور میں ادا کی جہاں صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی اور مشیر معدنیات عارف احمد زئی کے علاوہ چیف سیکریٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، کمشنر پشاور ریاض محسود اور دیگر حکام بھی نماز عید میں شریک تھے۔