فائل فوٹو
فائل فوٹو

حمزہ شہبازکی حلف برداری کے خلاف اپیل۔ فل بینچ تشکیل دے دیا گیا

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازکی حلف برداری کے خلاف اپیل کیلیے فل بینچ تشکیل دے دیا گیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے 5 رکنی فل بینچ تشکیل دیا ہے، جسٹس صداقت علی خان 5 رکنی فل بینچ کے سربراہ ہوں گے۔

بینچ کے دیگرارکان میں جسٹس شاہد جمیل خان ،جسٹس شہرام سرور چوہدری، جسٹس ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس طارق سلیم شیخ شامل ہیں۔جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے چیف جسٹس سے فل بینچ تشکیل دینے کی سفارش کی تھی۔

واضح رہے کہ حمزہ شہباز سے حلف کیلیے اسپیکر قومی اسمبلی کو نامزد کرنے کا سنگل بینچ کا فیصلہ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے چیلنج کیا ہے۔

یاد رہے کہ حمزہ شہبازنے 30 اپریل کو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کاحلف اٹھایا، حمزہ شہباز پنجاب کے 21 ویں وزیرِاعلیٰ بن گئے۔

پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اورماردھاڑ کے بعد ہونے والے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے تھے۔

تحریک انصاف اور ق لیگ کے بائیکاٹ کے بعد ایوان میں ووٹنگ کا عمل شروع ہوا تو حمزہ شہبازکو197 ووٹ پڑے جبکہ پرویزالہٰی کو کوئی ووٹ نہیں پڑا تھا۔