کولمبو:سری لنکن وزیر اعظم مہندرا راجا پاکسے معاشی بحران پرقابو نہ پا سکے اور حالات کشیدہ ہونے پرعہدے سے مستعفی ہو گئے ۔
غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق سری لنکا میں معاشی بحران بدترین ہو گیا اور سری لنکن وزیر اعظم اس پر قابو پانے میں بری طرح ناکام رہے ، کولمبو میں جھڑپوں کے بعد وزیراعظم مہندرا راجا پاکسے نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔حکام کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اپنا استعفیٰ صدر کو بھجوادیا ہے۔
دوسری جانب سری لنکن صدر گوٹابایا راجاپکسے کےحامیوں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، کولمبو میں ہونے والی جھڑپوں میں زخمیوں کی تعداد 78 ہوگئی۔خبر ایجنسی کے مطابق کولمبو میں جھڑپوں کے بعد غیرمعینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔
دو روز قبل سری لنکا میں صدرکی تباہ کن معاشی پالیسیوں کیخلاف مظاہروں میں شدت آنے اورصدرسےاستعفیٰ دینے کے مطالبات پرصدرراجا پکسا نے ایک بارپھرایمرجنس نافذ کردی تھی۔۔خبررساں ایجنسی کے مطابق ایمرجنسی کےتحت سیکیورٹی فورسزکو غیرمعمولی اختیارات حاصل ہوگئے۔
سری لنکا کی بار ایسوسی ایشن نے ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے صدر ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ واپس لیں۔