کراچی اور حیدرآباد بورڈ کے تحت انٹر کے امتحانات مقررہ وقت 15 جون سے ہی شروع ہوں گے۔فائل فوٹو
کراچی اور حیدرآباد بورڈ کے تحت انٹر کے امتحانات مقررہ وقت 15 جون سے ہی شروع ہوں گے۔فائل فوٹو

سندھ بھر میں انٹر کے امتحانات ری شیڈول کردیے گئے

کراچی اورحیدرآباد کے سوا سندھ بھر میں انٹر کے امتحانات ری شیڈول کردیے گئے۔

نجی ٹی وی  کے مطابق اس بات کا فیصلہ جمعرات کی دوپہر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن غلام اکبر لغاری کی زیر صدارت منعقدہ اسٹیئرنگ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس میں سیکریٹری کالجزسندھ خالد حیدر شاہ، چیئرمین میرپور خاص بورڈ برکات حیدری اور پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے نمائندے طارق شاہ سمیت دیگر تعلیمی افسران شریک ہوئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ کے بعض اضلاع میں لوکل گورنمنٹ کے انتخابات کی تاریخ 26 جون ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں پولنگ اسٹیشن قائم ہونے ہیں جبکہ اساتذہ کو اس حوالے سے تربیت بھی دی جانی ہے لہذا بعض اضلاع میں انٹر کے امتحانات ری شیڈول کرنا ہوں گے۔

فیصلے کے مطابق سندھ میں لوکل گورنمنٹ کے انتخابات کے سبب سوائے کراچی اورحیدرآباد کے دیگراضلاع میں انٹر کے امتحانات ری شیڈول کردیے گئے۔

ری شیڈول ہونے کے بعد میرپورخاص بورڈ، سکھر بورڈ، نواب شاہ بورڈ اور سکھر بورڈ کے تحت انٹر کے ہونے والے امتحانات اب 5 روز قبل یعنی 10 جون سے ہوں گے۔

یہ امتحانات صبح اور دوپہر دونوں اوقات میں لیے جائیں گے اور10 روز میں ختم ہوجائیں گے جبکہ کراچی اور حیدرآباد بورڈ کے تحت انٹر کے امتحانات مقررہ وقت 15 جون سے ہی شروع ہوں گے۔