درخواست میں حمزہ شہباز، ڈپٹی اسپیکر اور چیف سیکرٹری کو فریق بنایا (فائل فوٹو)
درخواست میں حمزہ شہباز، ڈپٹی اسپیکر اور چیف سیکرٹری کو فریق بنایا (فائل فوٹو)

پنجاب اسمبلی اجلاس سے قبل ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتازگرفتار

لاہور میں پولیس نے چھاپہ مار کر پنجاب اسمبلی کے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو ان کے گھر سے گرفتار کر لیا۔

ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق پولیس دیواریں پھلانگ کر رائے ممتاز کے گھر کے اندر داخل ہوئی جبکہ سیکریٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکریٹری کوارڈینیشن عنایت اللہ لک کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا۔

پولیس دونوں اسمبلی آفیسرز کو گھر سے گرفتار کرنے میں ناکام رہی کیونکہ دونوں آفیسرز گھر پر موجود نہیں تھے، اسمبلی آفیسرز کے گھر پر چھائے کے دوران پولیس نے توڑ پھوڑ بھی کی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے رائے ممتاز کو گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے سینیئر آفیسرز کی گرفتاری اور چھاپے حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ساڑھے بارہ بجے طلب کیا گیا تھا جو تاحال شروع نہیں ہوسکا۔اس سے قبل پنجاب اسمبلی کا اجلاس 30 مئی کو طلب کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، پنجاب اسمبلی اجلاس کی تاریخ تیسری بار تبدیل کی گئی۔

سب سے پہلے 28 اپریل کو اجلاس طلب کیا گیا تھا مگر کارروائی کے بغیر ہی 16 مئی تک موخر کردیا گیا تھا، 16 مئی کو ہونے والے اجلاس کو اجلاس سے پہلے ہی 30 مئی تک موخر کر دیا گیا تھا اور اب تیسری بار اجلاس کو 30 مئی کی بجائے 22 مئی کو طلب کیا گیا ہے۔