کل موصول ہونے والی کال کس کی تھی نہیں بتا سکتا ۔شاہ محمود قریشی

اکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  اس وقت انتخابات کی راہ میں رکاوٹ صرف آصف علی زرداری ہیں، کل پریس کانفرنس کے دوران موصول ہونے والی کال کس کی تھی نہیں بتا سکتا ۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس ٹائم لائن کے اندرجلد انتخابات ممکن ہیں ۔ صحافی نے سوال پوچھا کہ کل پریس کانفرنس کے دوران موصول ہونے والی کال پیغام تھا یا دھمکی ؟، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کل موصول ہونے والی کال کس کی تھی نہیں بتا سکتا ، معاملے پر خاموشی اختیار کروں گا۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ آصف علی زرداری جانتے ہیں کہ جلد انتخابات میں ان کو اندرون سندھ کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوگا، وہ چاہتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) اقتدار میں رہے اور مشکل فیصلے بھی کرے ،آصف زرداری چاہتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کی ساکھ متاثر ہو، وہ چاہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی بغیر کسی  سیاسی نقصان کے شریک اقتدار رہے  اور وہ آنے والے انتخابات میں اپنے لئے رعایتیں بھی حاصل کر سکیں ۔

شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی کے وفد نے لندن میں مسلم لیگ (ن) سے پنجاب میں  10 رہنماؤں کیلیے سیٹیں مانگی ہیں، پنجاب میں سیٹیں مانگنا اس بات کا اعتراف ہے کہ اب پیپلزپارٹی پنجاب میں اپنی شکست تسلیم کر چکی ہے ، دو سیاسی خاندانوں کے اس ملاپ  سے معیشت  کو فائدہ ہے نہ کوئی سیاسی فائدہ ہے ۔

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ احتجاج کے دوران  ہم اپنے کارکنون کو سری نگر ہائی وے تک محدود رکھیں گے ۔