اسد عمر توہین عدالت نوٹس جاری

شہباز شریف انتخاب کی تاریخ اور مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کریں۔ اسد عمر

اسلام آباد:سابق وفاقی وزیر اورسیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے شہباز شریف کے کمیٹی بنانے کے اعلان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اگلے انتخابات کی تاریخ کے ساتھ مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کریں ۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسد عمر نے کہا کہ شہباز شریف  اگلے انتخابات کی تاریخ کے ساتھ مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کریں، حکومت کا کوئی اور ایجنڈا ہے تو اس پر بھی بات ہو سکتی ہے ، ہر گزرتے دن کے ساتھ  ملک کی معیشت کو نقصان ہو رہا ہے ، ماہرین کے مطابق چند ہفتوں میں پاکستان کے حالات سری لنکا جیسے ہو جائیں گے ۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ آج اوور سیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق چھین لیا گیا جو انتہائی افسوسناک بات ہے ، نیب قوانین پر بھی ہماری پوزیشن واضح ہے ، نیب قوانین میں ترامیم کیلیے ہم نے قانون سازی بھی کی تھی ، پی ڈی ایم نے ذاتی مفاد کیلئے  نیب قوانین میں ترامیم کیں ، نیب قانون میں  جو ترامیم کی گئیں وہ تبدیل بھی کی جا سکتی ہیں ۔