عدالت عظمیٰ فتنہ باز سے دور رہے۔مریم نواز

بہاولپور:پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ فتنہ باز سے دور رہے اورخود کو غیر جانبدار رہنا ہو گا،پی ٹی آئی چیئر مین بذریعہ سپریم کورٹ جو انقلاب لانا چاہتے ہیں عوام اس انقلاب کوبھی ناکام بنائیں گے،ملک کو بیرونی خطرہ نہیں بلکہ اندرونی انتشاراورفتنے کا خطرہ ہے اور سب سے بڑا فتنہ عمران خان ہے۔

 پاکستان مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتی ہوں، اتنی شدید گرمی میں جلسے میں شرکت پر شکریہ ادا کرتی ہوں، نوازشریف نے دباو کے باوجود بھارت کے مقابلے میں6ایٹمی دھماکے کیے، کون ہے وہ لیڈر جس نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے لیڈر کا نام نوازشریف ہے، پاکستان اپنی حفاظت کرنا جانتا ہے، کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ بھی نہیں سکتا، نواز شریف نے 5 ارب ڈالر کی امداد ٹھکرا کر پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا دیا۔ یہ ہوتی ہے خودداری، یہ ہوتی ہے آزادی، نوازشریف نے ملک کواتنی بڑی طاقت بنادیا، اس کے بعد کارگل ہوا،ن لیگی قائد نے صرف ایٹمی دھماکے نہیں جے ایف تھنڈرکے طیارے بھی دیئے، ملک سے یہ محبت کرنے والا کر سکتا ہے، نوازشریف نے ملک کوموٹرویز، کارخانے دیے۔

 انہوں نے کہا کہ نواز شریف، ذوالفقار علی بھٹو، افواج پاکستان، سائنسدانوں سمیت سب کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، پاکستان کو ایٹمی دھماکے کرنے سے منع کیا گیا، کہا گیا ایٹمی دھماکے کیے تو تمہیں پتھر کے زمانے میں دھکیل دیں گے، نواز شریف نے کہا جو کرنا ہے کرلو میں ایٹمی دھماکے کر کے دم لوں گا، میرے قائد نے تو کوئی خط نہیں لہرایا، کسی سازش کا ڈرامہ نہیں کیا، ایٹمی دھماکوں کے بعد کسی کی جرات نہیں ہوئی کہ میلی آنکھ سے دیکھ سکے۔ ملکی سرحدوں کو اس طرح محفوظ صرف اپنے وطن کی مٹی سے محبت کرنے والا کر سکتا ہے، نواز شریف نے اس ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے دورکیے۔

کہنا تھا کہ نوازشریف نے دن رات ملک کی خدمت کی، فتنہ خان تم سے پوچھتی ہے تم نے قوم کوکیا دیا؟، تم نے گالیوں، غربت، افلاس، مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا، فتنہ خان چیلنج کرتی ہوں اپنا ایک کارنامہ بتادو۔ آج پاکستان کو کوئی بیرونی سکیورٹی کا کوئی خدشہ نہیں، آج پاکستان کو اندرونی انتشار، فتنہ سے ہے، انتشاراورفتنہ کا دوسرا نام کیا ہے؟ پاکستان میں سب سے بڑے فتنہ اورانتشارکا نام عمران خان ہے، پاکستان کوکسی دشمن سے نہیں فساد اورفتنہ سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرا لانگ مارچ بھی بُری طرح فیل ہوگیا ہے، نمبربدل گیا ہے تو آج سپریم کورٹ میں خط لیکرچلا گیا ہے۔ یاد ہے ناں 2014ء کے دھرنے، اقتدارکے لالچی کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی تھی، اس کا 2014ء کا بھی لانگ مارچ ناکام ہوا تھا، اس کے منہ سے نکل گیا، جسٹس کھوسہ نے کہا ہمارے پاس آؤ فیصلہ کرتے ہیں۔ کیا اب عدالتوں کا یہ کام رہ گیا جہاں عمران فیل ہوا س کی مدد کو آئیں، عمران خان جوانقلاب تم بذریعہ سپریم کورٹ لانا چاہتے ہو عوام اس انقلاب کوبھی ناکام بنائیں گے، سپریم کورٹ فتنہ باز سے دور رہے، سپریم کورٹ کو غیرجانبداررہنا ہوگا، کیاعدالتوں کایہی کام رہ گیاجہاں عمران خان فیل ہواس کی مددکوآئیں؟

مریم نواز نے کہا کہ بندے لانے کی تمہاری تیاری نہیں تھی لیکن پولیس کو سیدھی گولیاں مارنے کی پوری تیاری تھی۔ اب کہتا ہے تیاری کے بغیر نہیں آنا چاہیے، جانوروں کے بھی حقوق ہوتے ہیں تم نے 22 کروڑعوام کو بھی جانوروں سے کم سمجھ لیا، عمران خان کارکنوں کے گھر گیا اور دوسروں کی نقل کر کے گود میں لیے، کارکنوں کے بچے پوچھتے ہوں گے تمہارے بچے ٹھنڈی جگہ رہتے ہیں، اگریہ حقیقی آزادی، جہاد کا سفرہے تو اپنے بیٹے قاسم، سلیمان کو لندن کیوں بٹھایا ہوا ہے؟ قوم کے بچے سڑکوں پر لو کے تھپڑے کھا رہے ہیں، پہلے تمہارے بچے برٹش پاسپورٹ کو آگ لگائیں اور پھر آزادی مارچ کو لیڈ کریں۔