پشاور:کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے غیر معینہ مدت کیلیے جنگ بندی کردی۔
ذرائع کے مطابق ٹی ٹی پی کی جنگ بندی کی مدت 30 مئی کو ختم ہوگئی تھی۔جنگ بندی کابل میں پاکستانی وفد اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات کے بعد ہوئی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور جون میں ہوگا۔
واضح رہے کہ روان ماہ افغان طالبان حکومت کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللّٰہ مجاہد نے ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ پاکستانی حکومت اور پاکستانی طالبان کے درمیان کابل میں مذاکرات میں عبوری جنگ بندی پر بھی اتفاق ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ افغان حکومت نے پاکستانی حکومت اور پاکستانی طالبان کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کیا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی امارت خلوص نیت سے چاہتی ہے کہ مذاکرات آگے بڑھیں اور دونوں فریقین ایک دوسرے کو برداشت اور اپنے موقف میں نرمی دکھائیں۔