ریاض:سعودی عرب نے پاکستان سمیت 5 ممالک کے عازمین حج کے لیے ’’روٹ ٹو مکہ‘‘ سہولت متعارف کرادی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق کورونا وبا کی پابندیوں کے خاتمے کے بعد کے پہلے حج کی گہماگہمی عروج پر ہے اس دوران پہلی بیرون ملک پرواز سے عازمین حج سرزمین مقدس پہنچ چکے ہیں۔
اس موقع پر سعودی عرب وزارت داخلہ نے خوشخبری سنائی ہے کہ 5 ممالک کے عازمین حج کے لیے ’’روٹ ٹو مکہ‘‘ سہولت کا آغاز ہوگیا ہے۔ ان ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے۔
پاکستان کے علاوہ اس سہولت سے مستفید ہونے والے ممالک میں بنگلادیش، ملائیشیا، مراکش اورانڈونیشیا شامل ہیں۔ یہ سہولت صرف بیرون ملک سے آنے والے عاز مین حج کے لیے مختص ہوتی ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ روٹ ٹو مکہ کی سہولت کے حامل ممالک کے عازمین حج کو ان کے ممالک میں ہی امیگریشن کی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں جس سے حاجیوں کو کافی سہولت اور آسانی ہوتی ہے۔