اسلام آباد:وفاقی وزرا نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھاتے تو ملک دیوالیہ ہونے کی طرف چلا جاتا ۔
یہ بات وفاقی وزرا خواجہ آصف، قمرالزماں کائرہ، مصدق ملک اور اسعد محمود نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ ان کے خلاف سازش ہوئی جس میں ادارے شامل ہیں لیکن وہ اپنی کارکردگی پر بات نہیں کرتے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان ملک کو تباہی کے دہانے پر چھوڑ گئے، ان کے دور حکومت میں ریکارڈ قرضے لیے گئے، آئی ایم ایف معاہدے میں شرائط پی ٹی آئی کی لگائی ہوئی تھیں، مہنگائی اس وقت پوری دنیا کا مسئلہ ہے، مہنگائی سے زیادہ وہ ممالک متاثر ہو رہے ہیں جن کے پاس وسائل کی کمی ہے، روس اور یوکرین تنازع کی وجہ سے مہنگائی بڑھی۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں پانی، بجلی اورگیس کے استعمال میں کفایت شعاری کرنی ہوگی، دنیا بھر میں کہیں رات ایک بجے تک کاروبار نہیں ہوتا، دنیا بھر میں ساڑھے 6 بجے دکانیں بند ہوجاتی ہیں، ہمیں شمسی توانائی سے بجلی کی پیداوار پر کام کرنا ہوگا، ملک کا غریب طبقہ اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہے، موجودہ مشکل صورتحال سے نکلنے کے لیے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔
قمرزمان کائرہ نے کہا کہ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھاتے تو ملک دیوالیہ ہونے کی طرف چلا جاتا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ مجبوری میں کرنا پڑا، حقائق عوام کے سامنے ہیں ہمارے پاس دوسرا کوئی راستہ نہ تھا، پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ کمزورمعاہدہ کیا، حکومت اورقومی اداروں نے اپنے بجٹ میں کٹوتی کی، گزشتہ حکومت کی طرح عوام کو جھوٹے خواب نہیں دکھائیں گے۔