ایف اے ٹی ایف کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرکے تمام اقدامات کا جائزہ لے گی۔فائل فوٹو
ایف اے ٹی ایف کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرکے تمام اقدامات کا جائزہ لے گی۔فائل فوٹو

پاکستان گرے لسٹ سے نکلے گا یا نہیں،فیصلہ آج ہو گا

اسلام آباد:پاکستان کے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلنے سے متعلق فیصلہ آج ہوگا۔

 نجی ٹی وی کے مطابق ایف اے ٹی ایف کا اجلاس 13 جون سے جاری ہے جس کا آج آخری روز ہے، ایف اے ٹی ایف کے پلینری اجلاس میں پاکستان کو کارکردگی کی بنیاد پر گرے لسٹ سے نکالنے یا مزید رکھنے کا فیصلہ آج کیا جائے گا جس کا اعلان آج رات ایف اے ٹی ایف کی جانب سے کیا جائے گا۔

اس حوالے سے خارجہ امورکی وزیرمملکت اوراجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہ حنا ربانی کھر نے ٹوئٹ میں کہا کہ فائننشل ٹاسک فورس( ایف اے ٹی ایف) کا پلینری اجلاس برلن میں جاری ہے۔ ایف اے ٹی ایف  اجلاس کے اختتام پر باضابطہ بیان جاری کرے گا۔

دریں اثنا وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن ہیں اورآج اس کی منظوری دی جاسکتی ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی تاریخ ساز کامیابی کا امکان ہے،ایف اے ٹی ایف برلن اجلاس پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی مخالفت کرسکتا ہے۔