کراچی : دعازہرا کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے دعا زہرا کے اغوا سے متعلق مقدمہ میں مزید تفتیش اور میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دے دیا، عدالت نے حکم دیا کہ سیکریٹری صحت میڈیکل بورڈ بنا کر دعا زہرا کی عمر کا تعین کرکے عدالت کو آگاہ کریں ۔
ہفتے کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں دعا زہرا کے اغوا سے متعلق مقدمہ کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر دعا زہرا کے والد مہدی کاظمی ،ان کے وکیل، سرکاری وکیل اور تفتیشی افسر پیش ہوئے۔دوران سماعت مدعی مقدمہ کے وکیل کی جانب سے مؤقف اختیار کیاگیا کہ چالان کا پورا انحصار صرف دو باتوں پر ہے ، چالان کا انحصار اس بات پر ہے کہ بچی کی عمر 17 سال ہے جبکہ دوسری بات کا انحصار دعا زہرا کے بیان پر ہے ،سپریم کورٹ میں ہم نے کہا تھا کہ بچی کو شیلٹر ہوم بھیجا جائے، میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے ۔ مدعی مقدمہ کے وکیل کی جانب سے عدالت میں سپریم کورٹ کا آرڈر پڑھ کر سنایا گیا ۔
مدعی مقدمہ کے وکیل کی جانب سے مؤقف اختیار کیاگیا کہ ہم نے کل عمر کے تعین کے حوالے سے سیکریٹری صحت کو درخواست دی ہے ،سپریم کورٹ نے ہمیں کہہ دیا کہ عمر کے تعین سے متعلق ہائی کورٹ کی آبزرویشن رکاوٹ نہیں ہے،دعا زہرا کی عمر 17 سال قرار دے کر مقدمہ سی کلاس کردیا ہے ،عمر کے تعین سے میڈیکل بورڈ تشکیل دئیے بغیر کیس کا سی کلاس میں منظور کرلیا جاتا ہے تو سپریم کورٹ کے آرڈر کا کیا ہوگا ،ملزم ظہیر کا پولیس کو دیا گیا بیان پڑھ کر سنانا چاہتا ہوں ،ملزم ظہیر کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا ۔