حکومت نے مہنگائی کے مارے عوام پر چوتھا پٹرول بم گرادیا

اسلام آباد: آئی ایم ایف کے دباؤ پر حکومت نے مہنگائی کے مارے عوام پر چوتھا پٹرول بم گرادیا۔ایک مرتبہ پھر پٹرول کی قیمت میں 14 روپے 85 پیسے کا اضافہ کر دیا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 248روپے 74پیسے لٹر ہوگئی ہے۔ پٹرول پر 10 روپے فی لٹر لیوی عائد کی گئی ہے۔

ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 13روپے 23پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 276روپے 54پیسے ہو گئی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل پر 5 روپے فی لٹر لیوی عائد کی گئی ہے۔

لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے 68 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا اور نئی قیمت 226 روپے 15 پیسے ہو گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل پر 5 روپے فی لٹر لیوی عائد کی گئی ہے۔

مٹی کے تیل کی قیمت میں 18 روپے 83 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت 230 روپے 26 پیسے ہو گئی ہے۔ مٹی کے تیل پر 5 فی لٹر لیوی عائد کی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور ایکسچینج ریٹ میں تبدیلی کے پیش نظر حکومت نے پڑولیم مصنوعات پر جزوی طور پر لیوی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں میں شراکت داروں کے ساتھ کیے گئے فیصلے کے تحت تبدیلی کی جائے۔وزارت خزانہ نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نفاذ یکم جولائی سے ہوگا۔