کراچی : عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی سپرہائی وے کی مویشی منڈی میں خرید وفروخت عروج پر ہے ۔منڈی میں جہاں بیل اور بکرے تیزی سے فروخت ہورہے ہیں وہیں دوکوہان والے اونٹ شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں ۔
نواب شاہ سے آئے بیوپاری حیدر کا کہنا ہے کہ یہ عربی نسل کے اونٹ ہیں جس کے دو کوہان ہوتے ہیں اور اسے ہمارا مالک ترکی سے لایا ہے، عربی نسل کے اونٹ پاکستان میں نہیں پائے جاتے۔
بیوپاری کے مطابق ایک اونٹ دس لاکھ اور دوسرا بارہ لاکھ روپے میں فروخت ہوا ہے جب کہ تین اونٹ خریدار کے منتظر ہیں۔
منڈی آنے والے شہری خصوصی دلچسپی دکھا رہے ہیں، بچے اور خواتین بڑی تعداد میں ان اونٹوں کو دیکھنے آرہے ہیں، باقی تین اونٹوں کی قیمت بھی دس سے بارہ لاکھ روپے مانگی جارہی ہے۔