شہرمیں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے تاہم بیشتر علاقوں میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔ سہراب گوٹھ،گلشن معمار، پاور ہاؤس چورنگی، نارتھ کراچی، گلستان جوہر اور سرجانی ٹاؤن میں بوندا باندی ہوئی، جبکہ گڈاپ کے علاقے میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ مویشی منڈی میں بارش کے بعد کیچڑ جمع ہوگیا جس سے شہریوں کوپریشانی کاسامنا ہے، سرجانی 4 کے چورنگی پر نالا اوور فلو ہوگیا اور پانی سڑک پر جمع ہوگیا۔ شارع فیصل اور ڈیفنس کےعلاقے میں بھی بارش ہوئی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی اور نارتھ کراچی میں بھی بارش ہوئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بارش کے بعد شہرکا دورہ کیا اور برساتی نالوں کامعائنہ کیا، اس موقع پر صوبائی وزرا شرجیل میمن،ناصرحسین شاہ اور ایڈمنسٹریٹرکراچی مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس سے قبل محکمہ موسمیات نے آج دوپہر سے کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی میں آج دوپہر دو سے تین بجے کے قریب بارش متوقع ہے اور یہ اسپیل رات گئے تک جاری رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ مون سون ہوائیں سندھ اور بلوچستان کی طرف بڑھ رہی ہیں، شہر میں آج تیز اور معتدل بارش کا امکان ہے جب کہ 6 جولائی کو ہلکی بارش متوقع ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ عید الاضحیٰ پر بھی بارش کا امکان موجود رہےگا، بارش برسانے والا سسٹم کمزور ہوگیا ہے اور سندھ میں زیادہ بارشیں نہیں ہوئی ہیں۔