اسلام آباد: نیپرا نے کراچی کے شہریوں پر بجلی گرا دی، کے الیکٹرک کے لیے بجلی 9 روپے 66 پیسے مہنگی کر دی۔ نیپرا نے کے الیکٹرک کے لیے بجلی 9 روپے 66 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی، یہ اضافہ مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ نیپرا نے کہا کے الیکٹرک نے 11.34 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست دی تھی، لیکن ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے مطابق ایف سی اے مد میں 9.42 روپے فی یونٹ بنتا ہے۔
نیپرا نے مزید کہا کہ اس سے قبل اپریل کا ایف سی اے 5.27 روپے چارج کیا گیا تھا، جو 1 ماہ کے لیے تھا، مئی کا ایف سی اے اپریل کی نسبت 4 روپے 15 پیسے زیادہ چارج کیا جائے گا، اس کا اطلاق بھی صرف ایک ماہ کے لیے ہوگا، اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔ کے الیکٹرک حکام نے درخواست میں بتایا کہ کے الیکڑک نے 380 ارب روپے وصول کرنے ہیں، مئی میں پی ایل ایل کے کنٹریکٹرز ڈیفالٹ کر گئے تھے۔نیپرا ہیڈ آفس میں درخواست کی سماعت کے دوران نیپرا کے ممبر رفیق شیخ نے سوال کیا کہ کے الیکڑک سستی بجلی ہوتے ہوئے کیوں نہیں لے رہا؟ سستی بجلی نہ لینے کی منطق ہمیں سمجھ نہیں آئی۔ چیئرمین نیپرا نے کہا کے الیکڑک کو سستی بجلی لینے کی ضرورت ہو تو ہم حاضر ہیں، ہم سستی بجلی کے لیے وفاقی و صوبائی حکومت سے بات کرنے کو تیار ہیں۔ نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ مئی میں مارچ کی نسبت ایل این جی 50 فی صد، فرنس آئل 38 فی صد مہنگا ہوا، میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 52 کروڑ 60 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑا، کورنگی پلانٹ میں ڈیزل کی قلت سے 47 کروڑ 40 لاکھ روپے کا بوجھ پڑا۔