کراچی: فنی خرابی کے باعث کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنے والا بھارت کی نجی ایئرلائن کا طیارہ 11 گھنٹے بعد روانہ ہوگیا۔ دہلی سے دبئی جانے والے بھارتی طیارے بوئنگ 737 کے کپتان نے فنی خرابی کے باعث کراچی ائیرپورٹ کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے جناح ٹرمنل رن وے پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی تھی ، اجازت ملنے پرکپتان نے طیارے کو بحفاظت اتار لیا۔ بھارتی طیارے میں 100 سے زائد مسافر سوار ہیں۔ مسافروں کو طیارے سے اترنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
ابتداء میں مسافروں کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں دی گئی، ہنگامی و تیکنیکی لینڈنگ کے بعد پی آئی اے انجینئرز نے کاک پٹ میں جاکر انجن اور آلات کی خرابی کی نشاندہی کرنے والے آلات کا معائنہ کیا۔
بھارتی اسپائیس جیٹ کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطاطق اسپائس جیٹ B737 ہوائی جہاز آپریٹنگ فلائٹ SG-11 (دہلی – دبئی) کو انڈیکیٹر لائٹ کی خرابی کی وجہ سے کراچی کی طرف موڑ دیا گیا تھا جہاں طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی۔
کمپنی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ایک متبادل طیارہ کراچی بھیجا جا رہا ہے جو مسافروں کو دبئی لے جائے گا تاہم متبادل طیارہ وقت پر نہ پہنچ سکا اور طیارے کی مرمت میں بھی ممکنہ تاخیر ہوئی تو بھارتی مسافروں کو لاونج میں منتقل کیا گیا۔سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ شام 6 بجے ایک متبادل طیارے نے کراچی ائرپورٹ پر لینڈ کیا اور لگ بھگ 11گھنٹے بعد بھارتی مسافر دبئی روانہ ہوگئے۔