کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اورتیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔دیوارگرنے اورکرنٹ لگنے سے دوافراد جاں بحق ہوگئے۔نیوکراچی ،سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی اورنادرن بائی پاس پر موسلا دھار بارش ہوئی۔
کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم سہانا ہو گیا، کورنگی،ملیر، بلدیہ اتحاد ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں بادل کھل کر برسے۔ شہر قائدؒ میں بارش کے باعث حادثات میں بھی پیش آئے، اعظم بستی میں پانی کی موٹر سے کرنٹ لگنے کے باعث ایک شخص جان سے گیا۔ ملیر کھوکھرا پار میں گھر کی بارش کے باعث دیوار گرنے سے 14سالہ امان جاں بھق ہوگیا۔
اسکیم 33، گلشن اقبال، پی ای سی ایچ ایس، ڈیفنس فیز ون ، بہادر آباد،گلستان جوہر اور دیگرعلاقوں میں ہلکی اورتیز بارش ہوئی۔ بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن سے دفاتر جانے والے افراد اورموٹر سائیکل سواروں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کلفٹن ،شارع فیصل اوراطراف کے علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہرکے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مون سون کا سلسلہ بدستور سندھ میں داخل ہورہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے 9 جولائی تک شہر میں شام یا رات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔