اسلام آباد:وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے 458 کنال اراضی اہلیہ کے نام پرلی،200 سے زائد کنال فرح کے نام پر لی گئی ، میرٹ پر کارروائی ہوگی ۔وہ بتائیں،میرے کیس میں 15 کلو ہیروئن کس کی تھی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ عمرا ن خان نے گزشتہ روزکہا کہ ہمیں ہراساں کیاجارہاہے، دیوار سے لگانا بند نہ کیاگیا تو سب کچھ قوم کوبتاوں گا،عمران خان بتائیں کہ کیا انہیں کوٹ لکھپت یا اڈیالہ میں بند کر دیا گیا؟، کیا عمران خان کا اےسی اتاردیا گیا ؟، پنکھا بند کردیا گیا؟ یا ادویات بند کردی گئیں؟،عمران خان سب کچھ اپنے مخالفین کے ساتھ 3 سال تک کرتے رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کیا پوچھ گچھ سے پریشان ہو رہے ہیں، ابھی تو صرف سوالات پوچھے جا رہے ہیں، اراضی اسکینڈل میں 5 ارب روپے کا غبن کیا گیا،اراضی اسکینڈل میں اقرارنامہ، رجسٹری سب موجود ہے،اچھا ہے وہ قوم کوبتائیں کہ 2014 کے دھرنے کیوں دیئے تھے؟،پنجاب سے اکٹھی ہونے والی رقم وزیراعلیٰ ہاؤس جاتی تھی یا بنی گالہ؟، عمران خان بتائیں وہ 15 کلو ہیروئن کس کی ہے؟،اگر ہیروئن میری ثابت ہو جائے تو مجھے کڑی سزا دی جائے، عدلیہ سے اپیل کرتا ہوں میرے کیس کا سوموٹو لیں۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کی دھمکیوں اوربلیک میلنگ سے کوئی خوفزدہ نہیں ہو گا۔ وہ کیوں مطالبہ نہیں کرتے کہ ان کی اہلیہ کی لیک آڈیو کا فرانزک کیا جائے۔ پی ٹی آئی کے لوگ تردید کریں کہ بشریٰ بی بی لیک آڈیو ان کی نہیں۔
ان کا کہناتھا کہ پی ٹی آئی کا لوگوں کیلیےریلیف روکنے کا بیانیہ بھی سامنے آیا ہے۔ الیکشن چنداضلاع میں ہو رہا ہے، بجلی کے یونٹس کی معافی پورے پنجاب میں دی جا رہی ہے مگر پی ٹی آئی رہنماوں کے بیانات سے ان کا اصل چہرہ بےنقاب ہو گیا کہ وہ غریبوں کافائدہ نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ جیسا کوئی جرم نہیں، یہ جرم ملک کیلئے باعث شرمندگی ہے۔ عمران خان نے4 سال ہم پر ہی لگائے، انہوں نےبھی کوئی کام نہیں کیا۔ عمران خان بتائیں این آر او چاہتے ہیں یا اقتدار، انہیں ایسی باتیں کرتے شرم آنی چاہیے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو ڈی چوک پر بیٹھنے نہیں دیا گیا کیا یہ ہراساں کرناہے؟۔