لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے منحرف اراکین کے نااہل ہونے کے بعد خالی ہونے والی پنجاب اسمبلی کی 5 مخصوص نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کا نوٹیفیکشن جاری کردیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق پنجاب اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کی رکن فوزیہ عباس نسیم، بتول زین جنجوعہ اور سائرہ رضا مںتخب ہوگئیں ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر بھی نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا، اقلیتی نشستوں پر حبکوک رفیق ببو اورسموئیل یعقوب کا نوٹیفیکشن جاری ہوا ہے۔ واضع رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دے کر پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پرپی ٹی آئی کی درخواست پر دیگر اراکین کے ساتھ مخصوص نشستوں کے اراکین کے 5 اراکین کو بھی نااہل قرار دیا تھا۔