کراچی : ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری، کرنٹ لگنے اور چھتیں گرنے اور دیگر واقعات میں 11 افراد جاں بحق اور 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر کےقریب گھرمیں کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہو گیا جسکی لاش کونجی اسپتال منتقل کیا گیا،متوفی کی شناخت 21 سالہ عنایت اللہ ولد ندا محمد کے نام سے کی گئی۔کورنگی مہران ٹاؤن 11-Dبس اسٹاپ کے قریب جمعہ اورہفتہ کی درمیانی شب کام کے دوران دکان میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا ۔متوفی کی شناخت 25 سالہ عبدالخالق کے نام سے ہوئی۔کورنگی بلال کالونی مرتضٰی چوک کے قریب باڑے میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا جسکی کی شناخت 20 سالہ عبدالرسول کے نام سے ہوئی۔بلدیہ سوات کالونی رحمانیہ مسجد کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا ،متوفی کی شناخت 30 سالہ غفار کے نام سے ہوئی۔
دریں اثنا بارش کے دوران پنگریوکے قریبی علاقے نندومیں زمین پرکام کرنے والامحنت کش دھنجی کولہی اورکڈھن کے قریب عبدالمجیددل اورخدابخش ملاح آسمانی بجلی گرنے کے باعث جاں بحق ہوگئے ۔بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے ،بجلی اورمواصلات کانظام درہم برہم ہوگیا۔میرپورخاص میں پبلک اسکول روڈ کے قریب اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والا پچاس سالہ مزدور رائے چند بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے موقع پرہی ہلاک ہوگیا۔ نواب شاہ کے قریب بچھیری شہر میں بے نظیر سٹی کارہائشی پانچ سالہ بچہ علی رضا کھیلتے ہوئے برساتی پانی کے تالاب میں جا گرا اور ڈوب کرجاں بحق ہو گیا۔ تھرپارکر کی تحصیل اسلامکوٹ کے گاؤوں مگھو بھیل میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سےپیروبھیل کی 25 بکریاں ہلاک ہوگئیں جن کی مالیت دس لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔
خیبرپختون،راولپنڈی،ملتان اورلاہورمیں مختلف حادثات اورچھتیں گرنے کے واقعات میں3افراد جاں بحق 14زخمی ہوگئے۔ ضلع صوابی میں مکان کی چھت گرنے سے مفرق خان نامی شخص کی ماں اور بیوی سمیت 3 بچے دب گئے، بیوی اور ایک بیٹی موقع پر جاں بحق جبکہ دو بیٹے اور ماں شدید زخمی ہوگئی۔ راولپنڈی میں جھنگی سیداں کے علاقے میں بارش سے بوسیدہ کمرے کی چھت گرگئی، جس کے ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے برساتی نالے بپھر گئے صوبے میں مواصلاتی نظام کو بھی نقصان پہنچا ہے۔بلوچستان کے ضلع قلات، خضدار، آوران، تربت، قلعہ سیف اللہ، لسبیلہ،کوژک ٹاپ، چمن اور کوہلو سمیت کئی علاقوں میں طوفانی بارشیں ہوئیں جب کہ لورالائی کے نواح میں قائم ڈیم ٹوٹ گیا۔چمن میں سیلابی ریلوں سے فائبر آپٹک کو نقصان پہنچا اور بینکوں کا سرور ڈاؤن ہوگیا جس سے اے ٹی ایم سروسز بند ہوگئیں جب کہ کئی علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز بھی معطل ہوگئیں۔
لسبیلہ کےعلاقے سالاری میں پھنسے37 افراد کو محفوظ مقامات پرمنتقل کردیا گیا اور کوژک ٹاپ پرکوئٹہ چمن شاہراہ آمدورفت کے لیے بحال کردی گئی۔ہوشاب میں ایف سی نے برساتی نالے میں پھنسے 4 افراد کو بچالیا۔ نیلم آزاد کشمیر، بھمبر، باغ، سوات اور مینگورہ سمیت کئی شہروں میں بھی بارشیں ہوئیں۔