لیہ: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب ضمنی انتخابات کے سلسلے میں لیہ میں انتخابی جلسے سے خطا کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آپ واقعی خادم اعلیٰ ہو تو آج ہی تیل کو واپس 150 روپے لیٹر پر لاؤ۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے ڈیزل اور پٹرول کے ساتھ بجلی کی قیمت بھی 5 روپے کم کی تھی، ہم نے نہ صرف قیمتیں نیچے رکھیں بلکہ ساتھ ساتھ ہیلتھ کارڈ بھی دیا، ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس دی، نوجوانوں کو سستے قرضے دیے، سستے گھروں کی اسکیم شروع کی، ہمارا احساس پروگرام نچلے طبقے کو اٹھاتا تھا جسے دنیا نے سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ڈھائی سال آئی ایم ایف پروگرام میں تھے ہم نے تو قیمتیں نہیں بڑھائیں، دنیا میں تیل کی قیمتیں اوپرجارہی تھیں، ہم نے لوگوں کو مہنگائی سے بچایا، ہم نے مہنگائی کو روک رکھا تھا اور ہمارے دور میں پاکستان سب سے سستا ملک تھا، لیکن شہباز شریف بتاؤ اب تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمت ہمارے دور سے بھی کم ہوگئی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ وزیراعظم بھکاری بنا ہوا ہے کہ مجھے پیسے دے دیں اگر نواز، شہباز اور زرداری اپنا آدھا پیسہ بھی واپس لے آئیں تو کسی سے بھی مانگنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، لیکن یہ تو وہ لوگ ہیں جو پیسے کیلیے ملکی نظریے، غیرت اور عزت کو بیچ دینگے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ جن کے پاس طاقت ہے ان کو پیغام دینا چاہتاہوں، یہ پرامن لوگ کھڑے ہیں یہ نقصان پہنچانے نہیں ملک بچانے نکلے ہیں، صاف اور شفاف الیکشن نہ ہونے دیے تو کوئی شک نہیں ملک سری لنکا کی طرف چلا جائیگا اور اگر ملک سری لنکا کی طرف نکل گیا تو سب کے ہاتھ سے کھیل نکل جائے گی، اگر کسی کو ملک کی فکر ہے تو شفاف الیکشن کرائیں آپ کا پہلا ٹیسٹ 17 جولائی کو ہوگا، اس دن پتہ چل جائے گا کہ پاکستانی عوام کہاں کھڑی ہے۔