اسلام آباد:وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کیلیے 15 تاریخ کا اعلان نہیں کیا جائے گا، پٹرولیم مصنوعات آج ہی سستی ہوں گی ۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف فوری طور پر عوام کو دینا چاہتے ہیں ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے کیلیے سمری موصول ہو چکی ہے ۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پٹرول سستا کرنے پر آئی ایم ایف کو اعتراض نہیں ہوگا ، پٹرول سستا کرنے کیلیے 15 جولائی کا انتظار نہیں کیا جائے گا۔ قوم مشکل فیصلوں میں شہبازشریف کےساتھ کھڑی رہی،پوری قوم نےمشکل فیصلوں میں ساتھ دیا، قوموں پرمشکل وقت آتےہیں اورپاکستان قوم کرائسزکوسمجھتی ہے مشکل وقت کےبعداب قوم کوریلیف دینےکاوقت آگیاہے.
وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے ان کے اقتدار اور خصوصاً آخری چھ ماہ میں بچھائی جانے والی بارودی سرنگوں کے اثرات سے ملک و عوام کو بچالیا گیا ہے ، عمران خان نے جنوری اور فروری میں آئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدے کو سبوتاژ کر کے ملک کو سری لنکا بنانے کی کوشش کی تھی مگر اللہ نے بچالیا ۔ آج سری لنکا میں 470 روپے فی لیٹر تیل ہونے کے باوجود میسر نہیں ۔