اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے مبینہ الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے عمران خان کی مبینہ تقاریر کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے چیئرمین پیمرا کو خط لکھا گیا جس میں عمران خان کی بھکر، لیہ اور خوشاب میں تقاریر کا ریکارڈ طلب کیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کےرہنما فیاض الحسن چوہان کی جانب سے بھی مبینہ الزامات پر نوٹس لیا گیا، الیکشن کمیش فیاض الحسن چوہان کے مبینہ الزامات کا بھی جائزہ لے گا۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ہم کسی دباو میں آئیں گے نہ اشتعال میں بلکہ اشتعال اور دباو میں آئے بغیر ادارہ اپنا آئینی کردار ادا کرتا رہے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم اپنا آئینی کردار بلا کسی خوف و خطر ادا کرتے رہیں گے اور کسی دباو میں نہیں آئیں گے، آپس کے جھگڑوں کو اپنے تک محدود رکھیں کیونکہ ہمارے لیے سب یکساں حیثیت رکھتے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو حمزہ اور مریم سے چھپ کر ملنے کی کوئی ضرورت نہیں، سیاستدان خود چیف الیکشن کمشنر سے ملنے آتے ہیں، الزام لگانا بہت آسان ہے لہٰذا کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائیں۔