عمران خان کوگرفتارکرنے کوتیارہوں۔رانا ثنااللہ

 لاہور:وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کوگرفتارکرنے کوتیارہوں،کابینہ سےمقدمہ درج کرنے کی اجازت ملےگی توگرفتارکریں گے ۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں واضح لکھا ہے کہ قاسم سوری ،اسد قیصراورعمران خان نے آئین کی خلاف ورزی  کی ہے، سابقہ حکومت نے آئین کے ساتھ فراڈ کیا ہے ،آرٹیکل 6کے تحت کام شروع کر دیا ہے ،ریفرنس دائرہوگایاگرفتاری ہوتی ہے قانون اپنا راستہ خود بنائےگا۔

 لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ میرے رائے میں اسپیکر قومی اسمبلی کو چاہیے کہ وہ الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا ریفرنس بھیجیں ، الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ پی ٹی آئی اراکین اور عمران خان کو ڈی سیٹ و نااہل کرے،اسپیکر نااہلی کا ریفرنس بھیجنے کے  پابند  ہیں ۔

 رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آئین کی واضح خلاف ورزی کے الفاظ استعمال کیے ہیں، کابینہ سے مقدمے کی اجازت ملی تو عمران خان کو گرفتار کرلیں گے،نواز شریف بے گناہ ہیں، ان کو سزا غلط دی گئی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں لکھا ہے کہ سابق وزیراعظم، صدر اور ڈپٹی اسپیکر نے آئین کی خلاف ورزی کی۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد صدرعارف علوی کو مستعفی ہوجانا چاہیے۔

رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ شیخ رشید کو لانگ مارچ کے دوران گرفتار کرنا تھا، وہ نظر ہی نہیں آئے، جب ثابت ہوجائے کہ آئین توڑا گیا، پھر سپریم کورٹ بھی تصدیق کردے، تو پھر کارروائی بنتی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حکومت اور کابینہ کے پاس کوئی گنجائش نہیں کہ اس معاملے سے پہلو تہی کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب وفاقی حکومت کے پاس کوئی گنجائش نہیں کہ اس معاملے پر ریفرنس بنا کر نہ بھیجے، کل کابینہ میں اس پرغورہوگا، سابق وزیراعظم، صدر مملکت اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف ریفرنس بنانے کا معاملہ کل کابینہ کے اجلاس میں زیر غور آئےگا۔