شہر کی کوئی بھی سڑک بند نہیں ہونی چاہئے، وزیراعلیٰ سندھ کی پولیس کو ہدایت

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہراب گوٹھ پر گزشتہ روز کے احتجاج کے بعد پولیس کو ہدایت کی ہے کہ شہرکی کوئی بھی سڑک بند نہیں  ہونی چاہئے۔ وزیراعلیٰ ہائوس سے جاری بیان کے مطابق شہر میں کسی جلائو گھرائو کی رپورٹس پر پولیس کو شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت  جاری کی ہیں  کہ شہر  میں اگرشرپسند عناصر کی جانب سے کوئی سڑک بند  کرنے یا جلائو گھیرائو کی کوشش  کی گئی تو ان سے سختی سے نمٹاجائے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرکسی سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہچانے کی کوشش کی تواس کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے کیونکہ شہر میں افواہیں گردش کررہی ہیں کہ سڑکیں بند کی جائیں گی تو ایسا کرنے کی کسی کو بالکل اجازت نہ دی جائے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تمام متعلقہ افراد سے اس معاملے پر بات چیت کی ہے اور تمام فریق اس قسم کی اطلاعات سے لاتعلقی کا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے  پولیس  اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شہر کے معمولات زندگی ہر صورت بحال رہنے چاہییں۔ حکومت کسی بھی قسم کی شرپسندی یا انتظامی غفلت کو برداشت نہیں کرے گی۔