24 جولائی کو کراچی ، حیدرآباد کے 16 اضلاع میں پولنگ ہوگی (فائل فوٹو)
24 جولائی کو کراچی ، حیدرآباد کے 16 اضلاع میں پولنگ ہوگی (فائل فوٹو)

کراچی میں چئیرمین ،وائس چئیرمین کیلئے 6614 امیدوار مد مقابل

کراچی : سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 24 جولائی کو کراچی اورحیدرآباد کے 16 اضلاع میں پولنگ ہوگی ان میں حیدرآباد کے 9 اور کراچی کے 7 اضلاع شامل ہیں۔

چئیئرمین اوروائس چئیرمین کے نشستوں کے لئے مختلف سیاسی جماعتوں کے 6614 امیدوار بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ 8114 امیدوار وارڈ کونسلر کا الیکشن لڑیں گے۔ ضلع وسطی کراچی کا سب سے بڑا ضلع ہے جس میں یونین کمیٹیوں کی تعداد 45 ہے جبکہ اس سے پہلے 51 یونین کونسلز تھیں، ضلع کورنگی میں یوسیز کی تعداد حسب سابق 37  ہے، ضلع ملیرمیں یونین کمیٹی کی تعداد 13 سے بڑھا کر 30 کردی گئی ہے۔  نئی ترامیم کےمطابق ضلع غربی کو دوحصوں یعنی ویسٹ اورکیماڑی میں تقسیم کیا گیا ہے،ضلع غربی میں پہلے 46 یوسیزتھیں اب اس کی 33 یونین کمیٹیاں ہیں اورضلع کیماڑی میں یوسیز کی تعداد 32 ہے۔

ضلع جنوبی میں 26 یوسیزہیں جبکہ اس سے قبل یہاں 31 یونین کمیٹیاں تھیں، ضلع شرقی میں یوسیزکی تعداد 31 سے بڑھا کر 43 کردی گئی  ہے۔

واضع رہے کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایک 2013 میں ترمیم کے بعد بلدیاتی انتخابات ٹائون کی بنیاد پرکرائے جاٗئیں، کراچی کو25 ٹائونز، 246 یونین کمیٹیوں اور 984 وارڈزمیں تقسیم کیا گیا ہے۔