اسلام آباد: چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک سیاسی بحران ختم نہیں ہوگا معیشت اوپرنہیں جائیگی، ایک ہی راستہ ہے صاف اورشفاف الیکشن،چیف الیکشن کمشنر فوری استعفیٰ دیں ہمیں ان پراعتماد نہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں چیف الیکشن کمشنر نے ن لیگ کو جتوانے کی پوری کشش کی۔ جس طرح الیکشن کرائے گئے وہ بہت افسوسناک ہے ہمارے خلاف ہر ہتھکنڈا استعمال کیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنرنے بدیانتی کی ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہناتھا کہ الیکشن کمشنر کو پتا ہی نہیں 40 لاکھ لوگوں کو مردہ قرار دے دیا،کسی اورملک میں ایسی غلطی ہوتی تو چیف الیکشن کمشنر مستعفیٰ ہوچکا ہوتا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نیب قوانین کو کل سپریم کورٹ میں چیلنج کر رہے ہیں، ہمیں پتا تھا یہ کیوں آنا چاہتے تھے، آتے ہیں اپنے کیسز معاف کروالئے، ہم نے کہا تھا کہ سیاسی بحران آیا تو معیشت نہیں سنبھالی جائےگی۔ انہوں نے کہا کہ آج قوم میں شعور آگیا ہے کہ کوئی بھی سمجھتا ہے بند کمرے میں ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرلے گا توغلط فہمی میں نہ رہے یہ قوم حقیقی آزادی کیلئے نکلی،قوم میں کبھی ایساجذبہ نہیں دیکھا جوبھی مینڈیٹ چوری کی کوشش کرے گا انہیں شکست ہوگی۔ ایک ہی راستہ شفاف الیکشن ہے عوام کوفیصلہ کرنے دیں کس کو حکمرانی دینا چاہتے ہیں۔