اسلام آباد:وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے عمران خان اداروں کو بلیک میل کرکے اپنی بات منوانا چاہتاہے۔ اداروں کواس کی بلیک میلنگ میں نہیں آنا چاہئے۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صاف اورشفاف الیکشن ہوئے، کہیں سے جعلی ووٹ کاسٹ کرانے اطلاع نہیں ملی۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ شفاف الیکشن کے باوجود عمران خان الیکشن کمیشن پرالزامات لگا رہا ہے ،عمران خان کی اس گھٹیا گفتگو کی بالکل اجازت نہیں دی جاسکتی۔ جبکہ ہم الیکشن ہارنے کے باوجود الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی نے 15 نشستیں جیتیں۔آج ن لیگ کی حکومت صاف شفاف الیکشن ہوئے ورنہ جب عمران خان خود خکومت میں تھے تو الیکشن کا عملہ اغوا کروایا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کے مطالبے کی مذمت کرتے ہیں۔ یہ بات فارن فنڈنگ میں الیکشن کمیشن کو دبائو لانے کیلئے کی گئی ۔
عمران خان نے چیف الیکشن کمشنرکی ذات کو نشانہ بنایا ،عمران خان نے چور دروازے سے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی کوشش کی، چیف الیکشن کمشنر نہیں ملے تو اس کے بعد ان کے خلاف پروپیگنڈا شروع کردیا، عمران خان دھونس اور دھمکی سے اپنی بات منوانا چاہتا ہے جو ہر گز نہیں ہوگا، ہمیں چیف الیکشن کمیشن پراعتماد ہے۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں کے قائدین کا اجلاس کل دوپہر کو ہوگا، اجلاس میں ملکی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اتحادیوں کو اپنی رہائشگاہ پر مینٹگ کی دعوت دی تھی۔