کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے پر بینالاقوامی مسافروں کیلئے بھی کرایوں میں 15فیصد کمی کردی۔ ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک منتقل کرنے کیلئے بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں 15 فیصد تک کمی کردی ہے۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے کینیڈا پر 8 فیصد، خیلج اورمتحدہ امارات کے روٹس پر 15 فیصد سعودی عرب کے روٹس پر کرایوں میں 10 فیصد نمایاں کمی کردی ہے۔
وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی آئی اے نے بین الاقوامی سیکٹرز میں بھی مسافروں کے کرایوں میں کمی کردی ہے، ہم عوام کو سہولتوں دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔