انسانوں کی خرید و فروخت کرنے والے قیادت کے اہل نہیں، سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ انسانوں کی خریدوفروخت کرنے والے قوم کی قیادت کے اہل نہیں۔ چکدرہ دیر پائن میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے ملک کو بند گلی میں دھکیلا، قوم سے معافی مانگیں۔ اسٹیبلشمنٹ نے بھی بار بار انہی جماعتوں کو ملک پر مسلط کیا جن کے پاس ترقی و اصلاحات کے لیے کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ نجات کا واحد راستہ اسلامی نظام ہے، اس کے بغیر فوجی آمروں کے تجربات بھی ناکام ہوئے اور اسٹیبلشمنٹ کی آشیرباد سے اقتدار میں آنے والی سیاسی جماعتیں بھی فیل ہو گئیں۔ حکمرانوںکی اخلاقی ساکھ ختم ، جھوٹ پر مبنی سیاست بری طرح ایکسپوز ہو چکی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ مفادات کی سیاست نے ملک تباہ کر دیا ہے۔ سیاسی بحران معیشت کی خرابی کی بنیادی وجہ ہے۔ ہمارے پاس وسائل کی کمی نہیں، لیکن مافیاز نے ہر شعبہ کو یرغمال بنا دیا۔ لوگ سمجھتے تھے کہ ن لیگ اورپی پی کے بعد تحریک انصاف آ ئی تو تبدیلی آ جائے گی، حقیقت یہ ہے کہ یہ تینوں حکمران جماعتیں ایک ہی سسٹم کے پرزے ثابت ہوئے ۔ حکمران سٹیٹس کو بحال رکھنا چاہتے ہیں، عوام کی کوئی بات نہیں کرتا۔ ملک کے 35سال جرنیلوں نے اور بقیہ نام نہاد جمہوریتوں کی نذر ہو گئے۔ عوام کے ساتھ سات دہائیوں سے کھلواڑ ہو رہا ہے۔