فل کورٹ بنانے کی استدعا مسترد،موجودہ بینچ ہی کیس کی سماعت کریگا، فیصلہ

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن پر ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے خلاف درخواست کے کیس میں فل کورٹ بنانےکی درخواستیں مسترد کر دیں۔

وزیراعلیٰ کے انتخاب میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے خلاف پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ  نے کی، فل کورٹ پر وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد سماعت میں وقفہ کیا گیا جس کے بعد عدالت نے  فیصلہ سنایا۔

مختصر فیصلہ سناتے ہوئے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ  کئی گھنٹے تک عدالت نے سماعت کی، میرٹس پر دلائل سنے، معاملےکی بنیاد قانونی سوال ہےکہ ارکان اسمبلی کو ہدایت پارٹی سربراہ دے سکتا ہے یا نہیں، فل کورٹ بنانےکی استدعا مسترد کرتے ہیں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میرٹ پر کل صبح 11:30 بجے سنیں گے، فل کورٹ نہ بنانے کی تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کریں گے، یہ ہی بینچ کیس کی سماعت کرےگا۔

اس سے قبل آج سماعت کے آغاز پر سابق صدر سپریم کورٹ بار لطیف آفریدی روسٹرم پر آگئے اور مؤقف اپنایا کہ موجودہ صورتحال میں تمام بار کونسلز کی جانب سے فل کورٹ بنانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

لطیف آفریدی نے کہا کہ کرائسس بہت زیادہ ہیں، سسٹم کو خطرہ ہے، آرٹیکل 63 اے کی تشریح پر نظرثانی درخواست مقرر کی جائے اور آئینی بحران سے نمٹنے کے لیے فل کورٹ بنایا جائے۔