’’لرننگ ود آؤٹ بارڈرز، دی  بلتستان ایکسپرینس‘‘ کا آغازہو گیا

لاہور: طالب علموں کی بھرپور دلچسپی اور گہری توقعات کے ساتھ لمز کے ’’لرننگ ود آؤٹ بارڈرز، دی  بلتستان ایکسپرینس‘‘  اقدام کا گلگت  بلتستان کے علاقے سکردو میں آغاز ہوا۔ اس پروگرام کے تحت لمز کے 150 اور یونیورسٹی آف  بلتستان (یو او بی ایس) کے 150 طالب علموں کوسکردو میں ایک ماہ کیلئے اکٹھے ہوکر ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع فراہم ہوگا۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروجیکٹ ہے جس میں تجرباتی انداز سے سیکھنے سے متعلق پانچ کورسز ہیں۔ ان میں لائف سائنسز، انٹری پرینیورشپ، ای کامرس، واٹر انفارمیٹکس اور گرین انرجی شامل ہیں۔ ہر کورس کو اس طرح سے تیار کیا گیا ہے جس میں لمز اور یونیورسٹی آف  بلتستان کے فیکلٹی اراکین مل جل کر پڑھائیں گے تاکہ طالب علم وسیع انداز کے تجربات سے روشناس ہوں اور بہتر انداز سے مسائل کے حل کیلئے خود کو تیار کرسکیں اور مستقبل میں قابل ذکر مثبت اثرات پیدا کریں۔ اس پروگرام میں شامل لمز کے ہر طالب علم کو ایک بلتی طالب علم کے ساتھ رہنا ہوگا جس کی بدولت وہ کثیر الثقافتی رابطوں کے قابل ہوسکیں گے اور گہرے و پائیدار میل جول کے ذریعے سیکھنے کا عمل جاری رہے گا ۔ طالب علموں کو مقامی طور پر خوبصورت علاقوں میں گھومنے پھرنے، کیمپ آؤٹس، چہل قدمی اور پولو میچز جیسی سرگرمیوں سے محظوظ ہونے کا بھی موقع ملتا ہے۔ سکردو میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں آن کیمپس کلاسز کے ذریعے پڑھائی کے علاوہ مختلف مقامات جیسے سدپارہ ڈیم اور دیوسائی کے میدانوں کے کورس پر مبنی فیلڈ ٹرپ، مختلف تعلیمی، ثقافتی اور سماجی تناظر سے تعلق رکھنے والے طلباء کے میل جول اور تفریحی سرگرمیوں میں طالب علم مشترکہ شرکت کی بدولت وسیع اقسام کے تجربات سے گزریں گے جس کے نتیجے میں وہ علاقائی اور عالمی چیلنجز کے جدت انگیز حل پیش کرنے کیلئے خود تیار کرسکیں گے۔ دسمبر 2021 میں اس پرُعزم ہدف کا عملی آغاز ہوا جب وائس چانسلر ڈاکٹر نعیم خان کے زیر قیادت یونیورسٹی آف  بلتستان کے 10 رکنی وفد نے لمز میں ایک ہفتہ طویل ورکشاپ میں شرکت کی جس میں لمز کے وائس چانسلر ڈاکٹر ارشداحمد اور دونوں جامعات کے فیکلٹی اراکین نے مل کر پانچ کورسز تیار کئے جنہیں اب رواں موسم گرما میں طالب علموں کو پڑھایا جارہا ہے۔ اس پروگرام کو متعارف کرانے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے لمز کے وائس چانسلر ڈاکٹر ارشد احمد نے کہا، ’’لمز اور یونیورسٹی آف  بلتستان کے طالب علموں کیلئے یہ ایک دلچسپ سیکھنے کے عمل کی محض ابتدا ہے اور میں فیکلٹی اراکین کے خلوص اور محنت کو سراہتا ہوں۔ جنہوں نے طالب علموں کیلئے یہ کورسز تیار کئے۔ انکی کاوشیں بنیادی اہمیت کی حامل رہیں اور ہم لرننگ ود آؤٹ بارڈرز کومزید بااثر بنانے کیلئے پرامید ہیں۔