لاہور:اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کیلیے ایک گھنٹہ تاخیرسے اجلاس شروع ہوگیا،پینل آف دی چیئرمین نواب زادہ وسیم خان اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں، ووٹنگ کا عمل جاری ہے،90 ووٹ کاسٹ کر دیے گئے,پہلا ووٹ افٹخار گیلانی نے ڈالا،اسپیکرکا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سبطین خان اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سیف الملوک کھوکھر کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہی بھی ایوان میں پہنچ چکے ہیں۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اسپیکرکا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہو گا اور اسی لیے انتخاب میں موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ پریس گیلری میں بھی فون لے جانے کی اجازت نہیں۔
دوسری جانب ن لیگ نے اسپیکرکے انتخاب اورڈپٹی اسپیکرکے خلاف تحریک عدم اعتماد پرتحفظات کا اظہار کردیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے چیف وہب نے پینل آف چیئرمین اور سیکریٹری پنجاب اسمبلی کے نام خط لکھ کر تحفظات سے آگاہ کیا۔
خط کے متن کے مطابق ہمیں اسپیکر کے الیکشن میں اسمبلی اسٹاف کے طرزعمل پر تحفظات ہیں، الیکشن آئین کے پیرامیٹرز، انتخابی قوانین، اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں اور پولیٹیکل پارٹیزایکٹ کےتحت کروایا جائے۔متن میں کہا گیا ہے کہ اسپیکرکے الیکشن میں اسمبلی اسٹاف کا رویہ ہر حال میں نیوٹرل ہونا چاہیے۔
ادھراسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کے معاملے پر اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں کے الگ الگ اجلاس ہوئے جن میں اجلاس کی حکمت عملی پرغور کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے اجلاس کی صدارت وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی ،شاہ محمود قریشی اور اسد عمر نے کی،اجلاس میں ارکان اسمبلی کو ووٹنگ کے طریقہ کارپربریفنگ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس معرکے میں بھی سرخرو کرے گا۔
اپوزیشن اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس گورنرہاؤس میں ہوا، اجلاس کی صدارت حمزہ شہبازنے کی اجلاس میں سپیکر پنجاب اسمبلی سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔