قانونی ٹیم کی شہباز گل سے ملاقات کی درخواست مسترد

اسلام آباد:ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے قانونی ٹیم کی طرف سے شہباز گل سے ملاقات کی درخواست مسترد کردی۔

شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت سے استدعا کی کہ قانونی ٹیم شہباز گل سے ملاقات کرنا چاہتی ہے، اجازت دی جائے۔

پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نے کہا کہ آج ملاقات کے حق میں نہیں، کل شہباز گل کو عدالت میں پیش کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف دو دن کا ریمانڈ ہے اور قانونی ٹیم نے ملاقات کی کوئی خاص وجہ بھی نہیں بتائی۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ قانونی ٹیم صبح ہی شہباز گل سے ملاقات کرلے، پولیس ملزم سے تفتیش کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے شہباز گل کے میڈیکل کا حکم دیا تھا، اس کی رپورٹ صبح پیش ہوجائے گی۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد شہباز گل سے ملاقات کی درخواست مسترد کردی۔