ملتان:علی پور میں زہریلی شراب پینے سے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے، ایک شخص کو تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا۔ مرنے والے افراد میں شیخ عبدالواحد علی ٹاؤن کا رہائشی، شیخ لطافت علی عرف منا فتح پور روڈ کا رہائشی، بلال حسین بوہڑ ٹبی آرائیں کا رہائشی، رمضان عرف بنو فرید آباد کا رہائشی اور منور شامل ہے۔
پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ لواحقین پوسٹ مارٹم کرانے سے انکاری ہیں۔
شہریوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو منشیات فروشوں کا علم ہے کون کون اور کہاں کہاں منشیات فروخت کرتا ہے پر پولیس کارروائی نہیں کرتی، اگر پولیس نے بروقت کارروائی کی ہوتی تو اتنی قیمتی جانوں کا نقصان نہ ہوتا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ زہریلی شراب پینے سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ لاحق ہے۔